ساہیوال: ڈاکٹرز کی گرفتاری کیخلاف پنجاب کے اسپتالوں میں ہڑتال

136

لاہور (نمائندہ جسارت) ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹرز کی گرفتاری پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز نے ہڑتال کی، او پی ڈیز کی بندش سے علاج کیلیے آنے والے مریض شدید پریشانی کا شکار رہے، ڈاکٹروں اور عملے نے ساہیوال واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے معافی مانگے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹرز کی
گرفتاری کے خلاف لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں عملے نے ہڑتال کردی۔ ڈاکٹروں اور نرسز کے احتجاج کے باعث لاہور جنرل اسپتال، میو اسپتال، جناح اسپتال، سروسز اسپتال، گنگارام اسپتال کے آوٹ ڈور وارڈز بھی بند ہیں۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کے اسپتال شیخ زید کی او پی ڈی میں بھی ڈاکٹروں اور نرسوں نے ہڑتال کی، پی آئی سی لیڈی ولنگڈن اور لیڈی ایچی سن اسپتال میں بھی کام بند ہے۔ صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے معافی مانگنے تک او پی ڈیز بند رہیں گی۔