اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال سے پروسسنگ اور پیکڈ آٹا، دال، چاول، چینی اور مصالحوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عاید ہوگا۔ چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والاکی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر اور نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار احمد نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مقامی طور پر تیار بچوں کے دودھ پر18 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز پر غور کیا گیا جب کہ اس دوران نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار نے کہا کہ سیلز ٹیکس بتدریج بڑھایا جائے، سیلز ٹیکس سے بچوں کے دودھ کی قیمت میں بہت اضافہ ہوجائے گا۔ چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر نے کہا کہ دودھ کی کمپنیوں نے 2 برس کے دوران اپنی مصنوعات کی قیمتیں متعدد بار بڑھائیں، دودھ کی کمپنیوں نے صارفین پر مزید بوجھ بڑھایا مگر حکومت کو کچھ دینے کو تیار نہیں‘ حیران کن ہے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ڈسٹری بیوٹرز بھی ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں‘ آئندہ مالی سال سے زیرو ریٹنگ مکمل ختم کردی گئی ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ درآمدی دودھ مقامی دودھ سے دگنی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، آئندہ مالی سال سے پروسسنگ اور پیکڈ آٹا، دال، چاول، چینی اور مصالحوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عاید ہوگا‘ ڈبہ پیکڈ دودھ تیار کرنے والی کمپنی 3،4 سال سے قیمتیں بڑھا رہی ہیں،ایک ڈبے کی قیمت 800 تک کر دی اور یہ ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں،کمپنی اگر ڈبہ دودھ کی قیمت کم کرے تو ہم ٹیکس میں کمی پر غور کریں گے۔