کراچی ( کامرس رپورٹر )کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کی کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپیسے زائد کی کمی کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کیلئے بڑا ریلیف ہے، تاہم نیپرا کی جانب سے پہلے بجلی کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا جس سے قیمت میں کمی کا فرق صرف 5 روپے رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا تخمینہ تھا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے انڈسٹری کو 200 ارب روپے کا ریلیف ملے گا تاہم حالیہ اضافہ کے بعد یہ ریلیف نصف رہ جاتا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن صنعتکاروں کیلئے حقیقی معنوں میں پیداواری لاگت میں کمی کی جائے تاکہ وہ عالمی منڈی میں پاکستان مصنوعات کو فروغ دے سکیں۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ سے قبل پیٹرول کی قیمت میں کمی بھی قابل تعریف ہے، حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر 35 روپے لیٹر تک کا ریلیف فراہم کیا گیا لیکن ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اس تناسب سے کمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی جائے تاکہ عام آدمی اور صنعتکار اس ریلیف کا براہ راست فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیئم مصنوعات کی مسلسل کمی سے سامان کی نقل و حمل کی لاگت میں بھی کمی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے صدر کاٹی نے امید ظاہر کی کہ حکومت ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے ٹیکسز کی شرح میں کمی کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے اور صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے تحفظات دور کرنے میں عملی اقدامات کرے، تاکہ پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو جس سے ملکی آمدن بڑھا کر قرضوں کا بوجھ کم کیا جاسکے۔