سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا، ضلع بھر کے عیدگاہوں، امام بارگاہ، مساجد اور تفریح گاہوں میں 1200 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی سربراہی میں ضلع بھر میں عید الاضحی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ضلع میں مختلف عیدگاہوں، امام بارگاہوں اور مساجد میں نمازِ عید کی ادائیگی کے دوران 1200 سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ عید الالضحیٰ کی ادائیگی کے لیے چھوٹے بڑے 230 اجتماعات ہوں گے، ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر مزید اضافی نفری لگا کر افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو امن و امان فراہم کیا جا سکے۔ سیکورٹی پلان پر عمل کرتے ہوئے شہر اور و گرد و نواح کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے سخت اسنیپ چیکنگ شروع کر دی گئی ہے، مختلف چوراہوں بازاروں میں پولیس کی پکٹس قائم کر دی گئیں، علاقہ ایس ڈی پی اوز تمام پکٹس پر تعینات جوانوں اور ٹریفک اہلکاروں کی سہی انداز میں فرض ادائیگی کی نگرانی کریں گے۔