کچھ شک نہیں پی ٹی آئی حکومت گرانے میں قمر باجوہ ملوث تھے،شیخ رشید

152

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یقینا 2014ءمیں لندن پلان بنا تھا، اس میں شک نہیں، طاہرالقادری لندن آئے اور بانی پی ٹی آئی سے ملے تھے، مجھے لندن پلان کا پتہ تھا۔اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ سیاست میں منصوبے بنتے رہتے ہیں، عید کے بعد 2 مہینے بہت حساس ہیں،کچھ نیا بھی ہو سکتا ہے، اگست تک آرپار ہوتا دیکھ رہاہوں، کچھ نیا بھی ہو سکتا ہے، پہلے بھی ان کے پاس کیا ہے، گنگو تیلی ننگے نہا رہے ہیں، یہ حکومت تودکھاوے کی ہے۔پی ٹی آئی اورحکومت کے مذاکرات ہوتے نہیں دیکھ رہا۔حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کے حوالے سے میں پرامید نہیں ہوں کیونکہ پہلے تو یہ مذاکرات کرہی نہیں رہے تھے اب جو شرائط ہیں وہ نہیں مانیں گے۔مذاکرات کامیاب ہوتے نہیں دیکھ رہا۔گفتگو کے دوران شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ جب پی ٹی آئی حکومت جارہی تھی اسکا بھی پتہ تھا کیونکہ ایم کیوایم والے بھائی ہیں انہوں نے مجھے پہلے ہی بتا دیا تھا ہماری حکومت جارہی ہے۔میں نے جب سرکاری گھر چھوڑا تو بانی پی ٹی آئی مجھ سے ناراض ہوئے کہ اس سے حکومت جانے کی بات ہورہی ہے۔ میں نے بانی پی ٹی آئی کو کہا ہم جا رہے ہیں تو انہوں نے کہا نہیں میرے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں۔جس پر میں نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا ایم کیوایم والے کہہ رہے ہیں کہ انہیں اشارہ مل گیاہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کچھ شک نہیں پی ٹی آئی حکومت گرانے میں قمر باجوہ ملوث تھے۔ میں ایک گھر میں جا رہا تھا تو وہاں سے سالک اور محسن نقوی کونکلتے دیکھاتوسمجھ گیا۔ مجھ سمیت پاکستان میں کوئی شخص گیٹ نمبر4 کے بغیر سیاست میں نہیں آیا۔