وزیراعظم کا بجلی کی قیمت میں بڑے پیمانے پر کمی کا اعلان

257

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے نرخوں میں 10.69 روپے فی یونٹ کی بڑے پیمانے پر کمی کا اعلان کیا جس کا مقصد برآمدات اور صنعتی پیداوار کو بڑھانا ہے۔

وزیراعظم کی خصوصی کاوشوں سے صنعتی اور برآمدی شعبے کے لیے بجلی کی فی یونٹ نئی قیمت 34 روپے 99 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے صنعتوں کے لیے 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی تھی۔

وزیراعظم کے پیکج سے صنعتوں کو 200 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملنے کی توقع ہے، جس سے وہ عالمی منڈی میں مسابقتی بنیں گی۔

یہ پیکیج ملک کی اشیا کی پیداواری لاگت کو بین الاقوامی منڈیوں کے برابر لانے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اسی طرح اس تاریخی  وزیر اعظم پیکج کے نتیجے میں صنعتی اور زرعی اجناس کی پیداواری لاگت میں بھی کمی آئے گی جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

اس اقدام سے صنعتی ترقی کو تیز کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کا بھی امکان ہے۔