ٹھٹھہ کے رہائشیوں کو کندھکوٹ پولیس نے اغواء ہونے سے بچالیا

20

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) کندھکوٹ اور کشمور کے کچے کے علاقوں کو ڈاکوئوں نے عوام کے لیے نو گوز ایریا بنادیا۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ اور کشمور کے کچے کے علاقے ڈاکوئوں نے نوگوز ایریا بنائے ہیں اور فون پر خواتین کی آواز نکال کر لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ جاری ہے، ٹھٹھہ کے علاقے چھتو چند کے رہائشی 2 مزدور محمد الرحیم جاکھرو اور واحد بخش جاکھرو بھی خواتین کی آواز پر بے وقوف بن گئے اور کندھکوٹ کے علاقے غوثپور پہنچ گئے جہاں کچے کے علاقے کی آخری پولیس پوسٹ پر مقرر اہلکاروں نے انہیں دیکھ کر ان سے پوچھ گچھ کی، دونوں نے پولیس کو بتایا کہ یہاں دعوت کھانے آئے ہیں، پولیس اہلکاروں نے دعوت دینے والوں کا نمبر لیا اور ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ آپ کے مہمان ہماری پولیس پوسٹ پر بیٹھے ہیں جس پر میزبانی کرنے والے ڈاکوئوں نے پولیس اہلکاروں کو دھمکی دی اور کہا کہ ہمارے کام میں پولیس نے کیوں مداخلت کی؟ اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے، پولیس نے اغوا ہونے سے بچ جانے والے چھتو چند کے رہائشیوں کو فوری ایس پی آفس پہنچایا جہاں بحفاظت انہیں ٹھٹھہ کے لیے روانہ کردیا گیا۔ اس سے قبل بھی میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ کا ملازم اسی چکر میں ڈاکوئوں کے چنگل میں پھنس چکا تھا جسے بڑی مشکل سے بازیاب کرایا گیا۔