عمران ریاض کار سرکار میں مداخلت کیس سے بری، رہا کر دیا گیا

50

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی کینٹ کچہری نے یوٹیوبر اور اینکرپرسن عمران ریاض خان کو کار سرکار میں مداخلت کے مقدمہ سے بری کردیا، عدالتی حکم کے بعد اینکرپرسن کو رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے صحافی عمران ریاض کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا تھا۔ پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کو ایف آئی آر میں نامزد ہونے پر گزشتہ روز گرفتار کیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جانا ہے، لہٰذا ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ وکیل
میاں علی اشفاق نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض پر درج مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے عمران ریاض کے ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا اور کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے جاری حکم نامے میں لکھا کہ ایف آئی آر میں درج جرم اور ریمانڈ پیپر کی نوعیت قابل ضمانت ہے، لہٰذا قانون کے مطابق جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا اور تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ حکم نامے کے مطابق ملزم کے خلاف ثبوت ناکافی ہیں، لہٰذا عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اگر ملزم کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہے تو رہا کیا جائے۔