بجٹ کو مسترد کرتے ہیں بس اونرز ایسوسی ایشن

194

کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت فاروق احمد صاحب منعقد ہوا جس میں نائب صدر دین محمد بلوچ، جنرل سیکریٹری محمد الیاس، جوائنٹ سیکریٹری خیال محمد خان، سیکریٹری نشرواشاعت مشال خان اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ٹیکسوں میں مزید اضافہ کرکے پاکستان کی عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ اور حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی آسمان پر ہیں۔ مزید پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 20 روپے فی لیٹر لیوی اور انکم ٹیکس میں اضافہ نامنظور کرتے ہیں۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے بجٹ تجاویز کو مسترد کردیا گیا ہے۔