فلائی جناح کے چوتھے بین الاقوامی روٹ کا آغاز

175

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کی سستی ترین ایئر لائن فلائی جناح نے اسلام آباد اور بحرین کے درمیان اپنی نئی نان اسٹاپ پروازوں کا آغاز کردیا ہے ،جس کے بعد متحدہ عرب امارات اور عمان کے بعد فلائی جناح کے تیزی سے پھیلتے ہوئے بین الاقوامی روٹس میںایک اور روٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔فلائی جناح کی پرواز کی بحرین روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں فلائی جناح اور اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی سینئر انتظامیہ شریک تھی،ابتدائی طور پر اس نئے روٹ پر ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔اسلا م آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور بحرین انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے درمیان پروازوںکا شیڈول 13جون2024سے نافذ العمل ہے۔اسلام آباد اور بحرین کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں منگل اور جمعرات کے روز چلائی جائیںگی۔ فلائی جناح کے چوتھے بین الاقومی روٹ کے آغاز کے حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ’’ فلائی جناح کو اسلام آباد سے بحرین کیلئے اپنے چوتھے بین الاقوامی روٹ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے ۔اپنے بین الاقوامی روٹ میںیہ توسیع ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے مسافروں کو سستے فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنے کے ہمارے عزم کے عین مطابق ہے۔یہ نیا روٹ ہمارے تیزی سے پھیلتے ہوئے نیٹ ورک کو ظاہر کرتا ہے ،جو ہمارے مسافروں کو اور زیادہ کنیکٹیویٹی اور سہولت فراہم کرتا ہے۔‘‘