کراچی میں ڈاکوایک ٹرک پر 65 بکرے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
شہر قائد پر ڈاکوؤں کا راج ہے،جہاں ڈاکو دن رات بے خوف ہوکرنہ صرف شہریوں کو گھروں، دکانوں اور سڑکوں پر کھلے عام لوٹ رہے ہیں بلکہ واردات کے دوران گولی مارنے سے بھی گریز نہیں کررہے، جب کہ اس حوالے سے پولیس کی کارکردگی بھی غیر تسلی بخش ہے۔
تازہ واقعہ ضلع ملیر میں پیش آیا، جس میں ڈاکو اسلحہ کے زور پر بکروں سے لدا ٹرک چھین کر فرار ہو گئے۔ سھن تھانے کے علاقے میں کار سوار مسلح ڈاکوؤں نےایک بیوپاری سے لاکھوں روپے مالیت کے 65 بکروں سےلدا ٹرک چھین لیا اور فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تھرپارکر کے رہائشی بیوپاری رضا اللہ نے بتایا کہ وہ 10 جون کو قربانی کے بکرے لے کر بھینس کالونی کراچی میں مویشی منڈی پہنچا، جس کے بعد 13 جون کو اس کے بھائی نے مزید 65 بکرے ٹرک میں لوڈ کرکے ڈرائیور اور دیگر افراد کے ساتھ کراچی بھجوائے۔
جمعرات کے روز ٹرک رات تقریباً 3.15 بجے پورٹ قاسم انڈسٹریل ایریا مہران ہائی وے روڈ نزد مکی شاہ پہنچا، جہاں سفید کلر کی کار میں پانچ ڈاکو سوار ہوکر آئے، جو اسلحہ سے لیس تھے، انہوں نے ڈرائیور سمیت سب افراد کو ٹرک سے اتارا اور بکروں سے لدا ٹرک لے کر فرار ہو گئے۔
اس دوران کار میں سوار ڈاکو دونوں ڈرائیوروں اور مزدور کو الگ الگ جگہ پر گھماتے رہے اور پورٹ قاسم میں کسی جنگلی علاقے کے قریب صبح 5 بجے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے ڈرائیوروں اور مزدوروں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر اشیا بھی چھین لیں۔
واضح رہے کہ بعد میں پولیس نے چھینا گیا ٹرک لاوارث حالت میں برآمد کرلیا تھا، تاہم ڈاکو بکرے لے کر فرار ہو گئے۔