بجٹ آئی ایم ایف کا ہے جس میں محنت کش طبقوں کو محروم کیا گیا ہے، رضا ربانی

169

   اسلام آباد:سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے  کہ حکومت نے محدود مالیاتی اسپیس کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف سے معذرت کی ہے، حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبے کو ریلیف فراہم کرنے میں بھی بے بسی ظاہر کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی  نے کہاکہ   وزیرِ خزانہ نے بجٹ تقریر میں غربت سے نمٹنے کی کوئی بات نہیں کی، طاقت ور افراد کی فہرست ظاہر نہیں کی جنہیں ٹیکس سے استثنی حاصل ہے اور وہ مقدس گائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محنت کش طبقے کی بجائے حکمراں اشرافیہ کو تحفظ دے رہی ہے، پی آئی اے اور ایئر پورٹ جیسے اسٹریٹیجک اثاثوں کی نج کاری غیر آئینی ہے، مشترکہ مفادات کونسل سے اس نج کاری کی منظوری نہیں لی گئی، یہ بجٹ آئی ایم ایف کا ہے جس میں محنت کش طبقوں کو محروم کیا گیا ہے۔