کراچی: طغیانی کا امکان، 2 ماہ کے لیے سمندر میں نہانے پر پابندی

249

کراچی: سمندر میں طغیانی کے امکان کی وجہ سے 2 ماہ کے لیے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی گئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے سمندر میں طغیانی کے خدشات کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے 2 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

پابندی کا نوٹی فکیشن  بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق 14 جون تا 13 اگست تک سمندر میں نہانے پر پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو حکم  دیا گیا ہے کہ وہ پابندی پر سختی سے عمل  درآمد کروائیں۔

نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ سمندر میں نہانے پر پابندی شہریوں کی جان کو کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے عائد کی گئی ہے۔کمشنرکراچی کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ان دنوں میں سمندر تیز ہوتا ہے لہٰذا سمندر پر نہانے سے پرہیز کریں۔