سکھر (نمائندہ جسارت) عید الاضحی کے موقع پر بغیر اجازت قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے اور جگہ جگہ مویشی منڈیوں کے قیام پر مکمل پابندی رہے گی۔ کمشنر نے سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں عیدالاضحی کے انتظامات کے سلسلے میں طلب کیے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ تسلیم شدہ فلاحی اداروں کو بھی قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے سے قبل ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی، جبکہ کسی کو بھی کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے یا لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی روکنے کے لیے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کریں، اسی طرح مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کی سیکورٹی کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی نے میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر کی تمام تحصیلوں میں قربانی کے جانوروں کے فضلے کو اُٹھا کر مخصوص جگہوں پر گڑھے کھود کر ٹھکانے اور شہروں میں صفائی سمیت روشنی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا کہ عید قرباں کے ایام کے دوران کسی کو راستوں پر مویشی فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔