آزادی مارچ :عمران خان ،شیخ رشید ،شاہ محمود بری،سائفر کیس میں بریت چیلنج

410

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آزادی مارچ سے متعلق درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کو بری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک محمد عمران نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے صداقت عباسی اور علی نواز اعوان کو بھی بری کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید و دیگر پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت 2022 میں سے تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دوسری جانب، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہریار خان آفریدی اور دیگر کارکنان کو بھی بری کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور ورکرز پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردی۔ ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن نے ثبوت اور فارنزک شدہ دستاویزات ٹرائل کے دوران مہیا کیے، ہائیکورٹ کا فیصلہ یہ ظاہر نہیں کرتا کہ کن بنیادوں پر ملزمان کو بری کیا گیا۔