مغل انرجی کے لیے پی ایس ایکس میں گونگ تقریب کا انعقاد

244

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مغل انرجی لمیٹڈ (ایم ای ایل) کی گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم) یا (GEM) بورڈ پر لسٹنگ کی خوشی میں ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 2020 میں پی ایس ایکس کے جی ای ایم (جیم بورڈ)بورڈکے آغاز کے بعد سے اب تک مغل انرجی لمیٹڈ چوتھی لسٹڈ کمپنی ہے۔ جیم بورڈ اسٹاک ایکسچینج میں چھوٹے، درمیانے یا گرین فیلڈ کاروباروں کی لسٹنگ کی ضروریات کو آسان بنانے کے لیے ایک لسٹنگ کا ایک پلیٹ فارم ہے۔گونگ کی تقریب میں مغل انرجی لمیٹڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سینئر مینجمنٹ جمشید اقبال موجود تھے۔ تقریب میں ایل ایس ای کیپٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب احمد چوہدری اور ان کی ٹیم کے ممبران موجود تھے۔۔ ایم ای ایل کے حصص کی سبسکرپشن3 جون اور 4 جون 2024 کو ہوئی تھی۔مغل انرجی لمیٹڈ کی ابتدائی پیشکش (آئی پی او)میں حصص کی سبسکرپشن کے نتیجے میں 19,742,374 حصص کی مجموعی ڈیمانڈ تھی جس کی مالیت 330,487,372 روپے تھی جبکہ 19,411,000 حصص کے جاری کردہ سائز کے مقابلے میں 324,940,140 روپے کی پیشکشیں موصول ہوئیں اس طرح، پیشکش 1.7X سے زیادہ ہو گئی۔ مختلف سرمایہ کاروں کی تمام بولیوں میں سے 55 درخواستیں کامیاب ہوئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ خان نے کہا، ”پی ایس ایکس کی جانب سے ہم اپنے جیم بورڈ میں چوتھی ایکویٹی لسٹنگ کے طور پر مغل انرجی لمیٹڈ کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ مغل انرجی کی کامیاب ابتدائی پیشکش اور اس کی لسٹنگ ایک انتہائی مثبت علامت ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جیم بورڈ گرین فیلڈ پروجیکٹس، گروتھ انٹرپرائزز اورایس ایم ایز کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کرنے کے لیے ایک سستا اور مناسب پلیٹ فارم ہے۔ جیم بورڈ ایک جدید اور ترقی پسند پلیٹ فارم ہے جو بدلتے ہوئے معاشی اور ریگولیٹری منظر نامے کے مطابق اور ترقی کے اداروں یا گرین فیلڈ پروجیکٹس کی ضروریات کے مطابق حل تیار کرتا ہے۔”انہوں نے مزید کہا، ”پی ایس ایکس، ایک فرنٹ لائن ریگولیٹر کے طور پر، اہل کمپنیوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی، ان کے ساتھ کام کرنے، اور انہیں ایکسچینج کے جیم بورڈ یا مین بورڈ میں لانے کے لیے بہترین شراکت دار ہے۔