پانی چوری کی روک تھام کے لیے ڈی جی رینجرزکا خیرمقدم

216

کراچی (کامرس رپورٹر)کے ڈبلیو ایس سی نے سسٹم میں پانی کی وافر مقدار میں اضافے کے باوجود کوئی حل نہیں نکالا، صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریسائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن(کے ڈبلیو ایس سی) کے تعاون سے شہر میں میٹھے پانی کی چوری کو روکنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ کی کوششوں کو سراہا ہے جس کے نتیجے میں کے ڈبلیو ایس سی کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں پانی کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اس کا اعتراف کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سی ای او نے بھی کیا ہے لہٰذا سائٹ کی صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے۔کامران عربی نے ایک بیان میں کہا کہ کے ڈبلیو ایس سی اب سائٹ ایریا کراچی کی صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی فراہم کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔انہوں نے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا کا بھی شکریہ ادا کیا جو مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ڈی جی کے ڈبلیو ایس سی کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سائٹ کی صنعتوں کوپانی کی بلارکاوٹ فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈبلیو ایس سی کے پاس دستیاب پانی میں اضافے کے باجود صنعتوں کی توقعات کے برعکس سائٹ کی صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا جو کہ گزشتہ کئی دنوں سے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں اور صنعتکاروں کو اپنی صنعتیں چلانے اور بروقت برآمدی آرڈرز پر عملدرآمد کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بدقسمتی سے پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے کے ڈبلیو ایس سی نے اپنے سسٹم میں پانی کی وافر مقدار میں اضافے کے باوجود اب تک کوئی حل نہیں نکالا۔ صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے ہفتے میں 7 دن بلاتعطل سائٹ کی صنعتوں کو پانی کی فراہم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ طلب کے مطابق پانی کی دستیابی سے صنعتکار برادری اپنے آرڈرز کو وقت پر پورا کرنے پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔انہوں نے کے ڈبلیو ایس سی سے مطالبہ کیا کہ سائٹ کی صنعتوں کو پورے ہفتے24گھنٹے پانی فراہم کرنے کے انتظامات کیے جائیں تاکہ بلارکاوٹ پیدواری سرگرمیاں جاری رکھی جاسکیں اور موجودہ مشکل معاشی حالات میں پیداواری نقصانات کو روکا جا سکے۔