فلوریڈا : پاکستانی شائقین کرکٹ کیلیے امید کی ایک کرن، امریکی ریاست فلوریڈا میں سورج نکل آیا اور جمعہ کو امریکہ اور آئرلینڈ کے مابین میچ میں بارش کے امکانات بھی 91 فیصد سے کم ہو گئے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کا اہم میچ آئرلینڈ سے فلوریڈ ا کے شہر لاوڈرہل میں کھیلاجائے گا ، اس میچ میں آئرلینڈ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی تصور ہو گی اور میچ نہیں ہوا تو امریکا سپر 8 مرحلے میں جائے گا اور پاکستان کا ایونٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے جس کی وجہ سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول میچز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تاہم جمعرات کو فلوریڈا میں موسم بہتر ہوگیا، مسلسل ہونیوالی بارش کا سلسلہ تھم گیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان اورآئرلینڈ کی ٹیمیں بھی اتوارکو لاوڈرہل مد مقابل ہوں گی ۔ اس میچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔