کراچی‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شکایات میں مسلسل اضافہ

74

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے۔ بچوں اور خواتین کے اغوا،خواتین پر تیزاب پھینکنے،کاروکاری خود کشی جنسی زیادتی قتل اور3 سے 8 سالہ لڑکیوں سے جنسی زیادتی کی شکایات شامل ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ تحسین فاطمہ تمام ڈپٹی کمشنرز تمام ایس ایس پیز محکمہ کے ایگزیکٹیو
کوآرڈینٹر جمیل حسین جونیجو ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد ابڑو اور دیگر نے شرکت کی۔ کراچی میں انسانی حقوق کے چارٹرز پر عملدرآمد کی حکومتی پالیسی کو موثر بنانے کے لیے ہر ممکنہ معلومات فراہم کرنے میں مدد کی جائے گی، مطلوبہ معلومات کی فراہمی کے لیے ضلعی سطح پرتمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں 3کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ یہ کمیٹیاں ڈ سٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی،انٹر فیتھ ہیومن رائٹس کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی ہوں گی۔ تینوں کمیٹیوں کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں ہیومن رائٹس کمپلین ڈیسک بنائے جائیں گے جہاں محکمہ ہیومن رائٹس کا عملہ فرائض انجام دے گا۔ علاوہ ازیں اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز اور پولیس اور محکمہ کوآپس میں فوری رابطہ کی ضرورت پوری کر نے کے لیے ہیومن رائٹس واٹس آپ گروپ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔