لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی عمران ریاض کو لاہور ائرپورٹ سے حج پر جاتے ہوئے حالت احرام میں گرفتار کرلیا گیا۔ ان کی گرفتاری کے حوالے سے عمران ریاض کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر وڈیو اور تصاویر بھی پوسٹ کی گئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ حالت احرام میں گاڑی میں بیٹھے ہیں اور حج پر جانے کی تیاری مکمل ہے اس دوران باوردی اور بغیر وردی والے کچھ افراد آکر انہیں اپنے ہمراہ لے گئے جنہوں نے عمران ریاض کو دھکے دیے۔ دوسری جانب عمران ریاض خان کو گرفتار کرنے کے حوالے سے درج ایف آئی آر کی تفصیلات کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست صحافی عمران ریاض خان کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیقی کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ11جون کو عمران ریاض خان کا نام ایگزٹ کنٹرول
لسٹ سے نکال دیا گیا، عمران ریاض خان لاہور ائرپورٹ سے حج پر جا رہے تھے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے انہیں حراست میں لے لیا، عمران ریاض خان کو گرفتار کر کے کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کے خلاف درج ایف آئی آر کی تفصیلات دیے بغیر انہیں حراست میں لیا گیا، پولیس سمیت دیگر محکمے اس ایف آئی آر کی تفصیلات پیش کریں جس کے تحت عمران ریاض کو گرفتار کیا گیا۔