اسکولوں میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ وقت کی ضرورت ہے‘ جلال الدین

173

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز سندھ جلال الدین مہر نے کہا ہے کہ اسکولوں میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ وقت کی ضرورت ہے ،سندھ بھر میں اسکولز کالجز کرکٹ کے انعقاد کے لئے محکمہ کھیل کردار ادا کرے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت منعقدہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرز کے اجلاس میں کہی ، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توفیق احمد ،کوآرڈینیٹر پی سی بی سندھ سید راحت علی شاہ ،ڈی ایس او ایسٹ کراچی اسماعیل شاہ ،ڈی ایس او کورنگی شکیل احمد ،ڈی ایس او ملیر سنی پرویز،ڈی ایس او سائوتھ فرید علی ،ڈپٹی ڈائرکٹر اسپورٹس سکھر میر محمد ،ڈی ایس او خیر پور اخلاق میمن اور پی آر او حامدعلی خان بھی موجود تھے ۔سیکریٹری اسپورٹس جلال الدین مہر کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی تعلیمی اداروں میں ٹیلنٹ ہٹ کرنے کیلئے انٹر اسکول اور انٹر کالج ٹورنامنٹ کروارہے ہیں ان کے اس اقدام سے سندھ کے چھوٹے شہروں سے بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کو ملکی سطح پر پذیرائی ملے گی انہوں نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان ٹورنامنٹس میں اپنا پھر پور کردار ادا کریں،اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئررز ڈیپارٹمنٹ کا مکمل تعاون پی سی بی کے ساتھ رہے گا۔کوارڈینیٹرسید راحت علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین محسن نقوی نے گراس روٹ کرکٹ کو مضبوط بنانے کیلئے اسکول، کالج،یونیورسٹی اور کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کو مستقل بنیادوں پر کرانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔پہلے مرحلے میں اسکول ٹورنامنٹ اکتوبر میں کرایا جائیگا جسمیں سندھ کے 30 اضلاع میں یہ ٹورنامنٹ ہوگا ہرضلع کی 8 اسکولوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ٹورنامنٹ میں گورنمنٹ اور پرائیوٹ اسکولز شامل ہونگے۔