کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ معزز عدلیہ کے احکامات پر شہر میں 6 قانونی ہائیڈرینٹ چل رہے ہیں اور اگر ان کو بند کردیا جائے پھر بھی شہر کو پانی کی مکمل فراہمی نہیں کی جاسکتی کیونکہ کراچی میں طلب اور رسد میں 50 فیصد کا فرق ہے۔ حب ڈیم کینال کی بحالی کا کام اب سندھ حکومت اپنی سالانہ ترقیاتی اسکیم سے کررہی ہے اور ان شاء اللہ آئندہ 12 ماہ میں یہ کام مکمل ہونے کے بعد یہاں سے 150 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی میں ارکان اسمبلی کے دو مختلف توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں کیا۔