دوستوں  نے مل کر دنیا کی سب سے اونچی سائیکل بنا دی، ورلڈ ریکارڈ قائم

307

پیرس:دوستی ایک ایسا تعلق ہے جس کی سبق آموز مثالیں دنیا کے ہر خطے میں مل جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک تازہ مثال میں 2 دوستوں نے مل کر ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے، جس  نے انہیں دنیا بھر میں شہرت کے بلند مقام پر پہنچا دیا ہے۔

دونوں دوستوں نے مل کر دنیا کی سب سے اونچی سائیکل بنائی ہے، جس پر بیٹھ کر باقاعدہ سفر بھی کیا جا سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق فرانس میں 2 دوستوں ڈیوڈ پیرو اور نکولس بیریوز نے دنیا کی سب سے اونچی سائیکل تیار کی ہے، جو سواری کے قابل ہونے کی وجہ سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا اندراج کروانے میں کامیاب ہو گئے۔

عالمی ریکارڈز کے ادارے سے بات کرتے ہوئے دونوں دوستوں نے بتایا کہ انہیں عالمی ریکارڈ کی حامل اس اونچی ترین سائیکل کو تیار کرنے میں کم و بیش پانچ برس لگے، اس دوران کڑی محنت سے  دونوں مل کر 25 فٹ 5 انچ اونچی سائیکل بنانے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک منفرد انداز کی سائیکل بنانے کا خیال انہیں ایک ہوٹل میں کچھ کھانے پینے کے دوران آیا، جس کے بعد انہوں نے اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈیزائننگ پر غور کیا اور اس سے متعلق مواد جمع کرنا شروع کردیا۔

واضح رہے کہ دنیا کی سب سے اونچی سائیکل کو باضابطہ طور پر دنیا کی سب سے اونچی سائیکل کے طور پر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے، جس نے اس سے قبل بنائے گئے ریکارڈ کو 1 فٹ، 2 انچ سے توڑا۔