اسلام آباد: حکومت ملکی برآمدات کو 50 ارب روپے تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہے ، حکومتی اقدامات سے تجارت کو فروغ ملے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی برآمدات کو بہتر بنا کر ترسیلات زر کے حجم کو بڑھایا جائے یہ بہت جلد ہو جائے گا ۔
سینیٹ کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی برآمدات کو 50 ارب روپے تک بڑھانے کیلیے کوشش کر رہی ہے اور یہ جلد ممکن ہو جائے گا ۔
ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو برآمدات کے لیے برآمد کنندگان دوست پالیسی کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ کے دوران ملکی برآمدات 30 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی برآمدات بورڈ کو فعال کر دیا گیا ہے اور وزیر اعظم خود اس کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے دوست ممالک سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کے لیے ترکی اور ازبکستان میں تجارتی مقام قائم کیا گیا ہے جس سے ملک کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے اس کی اراضی پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی سات سو ایکڑ اراضی اس کے مناسب استعمال کے لیے حکومت سندھ کو دی گئی ہے۔