اردن:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ۔
انہوں نے یہ بات اردن میں منعقد ہونے والی “غزہ کے لیے فوری انسانی ردعمل” کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ساتھ ملاقات میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ محصور لوگوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد، بے گھر فلسطینیوں کی واپسی اور اسرائیل کی طرف سے کیے جانے والے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا احتساب یقینی بنایا جائے۔
نائب وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اردن اور مصر کے ساتھ مشترکہ طور پر کانفرنس کے انعقاد کے اقدام کو ایسے وقت میں سراہا جب فلسطین کے عوام کو بین الاقوامی حمایت اور فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی سطح پر غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرنے میں سیکرٹری جنرل کی قیادت اور فعال کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے پاکستان کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند اور وحشیانہ استعمال کی شدید اور واضح مذمت کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے بقایا تنازع کے منصفانہ حل کے لیے اپنے اچھے عہدے استعمال کریں۔