اسلام آباد:وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گرم موسم کی شدت میں اضافے کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے اور بجلی چوری کے خلاف جاری مہم میں صوبائی حکومتوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعظم کی صدارت میں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، بجلی چوری کی روک تھام کی مہم اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے جاری اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کیں کہ بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایات کے بروقت اندراج کے لیے تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے مؤثر اور متحرک نظام قائم کیے جائیں۔ اس کے علاوہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظرملک میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی کم سے کم کیا جائے۔
وزیراعظم کی صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بجلی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے سدباب کی سختی سے ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یکم اپریل سے 30 مئی تک بجلی چوروں کے خلاف 134 مقدمات درج کیے گئے اور بجلی چوری میں ملوث 90 ملازمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔