بھارت میں امریکی خاتون کو 6کروڑ کا چونا

407

نئی دہلی:بھارت کی ریاست راجستھان میں امریکی خاتون کو سونا خریدتے ہوئے کروڑوں روپے کا دھوکا دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی خاتون چیریش کو 300 روپے کے زیور 6 کروڑ روپے میں بیچ دیے گئے۔ خاتون نے جے پور کے جوہری بازار میں ایک دکان سے زیورات خریدے تھے، چاندی کے زیورات پر گولڈ پالش کر کے خاتون کو دھوکا دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس سال اپریل میں جب ان زیورات کو امریکا میں ہونے والی ایک نمائش میں رکھا گیا تو وہاں انہیں جعلی قرار دے دیا گیا جس کے بعد امریکی خاتون چیریش واپس بھارت میں دکان کے مالک گورو سونی کے پاس پہنچ گئی۔

 امریکی خاتون نے جے پور میں پولیس کو شکایت درج کرا دی۔امریکی خاتون نے اس معاملے پر امریکی سفارت خانے سے بھی مدد مانگی ہے جس کے بعد جے پور پولیس سے معاملے کی تحقیقات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق دکاندار گورو سونی اور اس کا والد دونوں فرار ہوگئے ہیں جن کو پکڑنے کے لیے تلاش جاری ہے۔ دونوں افراد کو پکڑنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی خاتون نے پولیس کو بتایا ہے کہ 2022ءمیں انسٹاگرام کے ذریعے گورو سونی نامی دکاندار سے رابطہ ہوا۔

دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے گزشتہ 2 سال میں 6 کروڑ روپے ادا کیے۔