نیویارک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 22ویں میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔
نیویارک کے نساؤکاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، ایرون جانسن 52 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان نے 107 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا، محمد رضوان 53 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ کینیڈا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون جانسن اور نونیت دھلیوال نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور 20 کے مجموعی سکور پر نونیت دھلیوال 4 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
کینیڈا کی دوسری وکٹ 29 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب پراگت سنگھ 2 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، تیسری وکٹ نکلس کرٹن کی گری جو ایک سکور بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔چوتھی وکٹ 54 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب شریاس مووا 2 رنز بناکر حارث رف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، پانچویں وکٹ رووندرپال سنگھ کی گری جو بغیر کوئی رن سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔