اسلام آباد کے ڈی چوک کا نام تبدیل، غزہ چوک رکھ دیا گیا

1062
been renamed as Gaza Chowk

اسلام آباد : ڈی چوک میں غزہ بچاؤ مہم کے زیر اہتمام دھرنا کو 27 ویں روز مکمل ہوگئے۔ عوامی اجتماع میں شہریوں  نے فلسطین و غزہ کے ساتھ اپنی محبت کے اظہار کے لیے ڈی چوک کا نام بدل کرغزہ چوک سے موسوم کر دیاگیا۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمدخان نے ایک بار پھر حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے سیو غزہ کے مطالبات تسلیم کرے۔پاکستانی عوام  سے اپیل کی گئی ہے کہ اب ڈی چوک کو غزہ چوک کے نام سے لکھا، کہا اور پکارا جائے گا۔ غزہ چوک کے بورڈ کی نقاب کشائی کی گئی۔

خطاب کرتے ہوئے مشتاق خان نے کہا ہے کہ دھرنا کے ستائیس دنوں میں پاکستانی قوم کے تمام طبقات خصوصا طلبہ نے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہر موسم اور ہر طرح کے حالات میں ڈی چوک پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی قوم کا فلسطینیوں کے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف کھڑے ہونے کے اس مرکز کا نام غزہ چوک میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ غزہ چوک میں ہمارے دھرنے میں شرکت کر کے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی گواہی دیں اور تاریخ میں اس کو ثبت کروائیں۔