سوات:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے کال دیدی تو آپ داستانوں میں بھی نہیں ملیں گے۔
پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اگر کال دے دی تو ہم گرمی، برف باری یا بارش سمیت کسی بھی چیز کی پروا نہیں کریں گے اور پھر آپ داستانوں میں بھی نہیں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سوچ اور نظریہ ہے، اسے جتنا دبائیں گے،ا تنا ہی ابھر کر سامنے آئے گا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، اس کے مجرم حکمرانِ وقت ہیں یا کوئی اور، جو بھی ہے کھل کر سامنا کرے اور ہماری غلطی کی نشاندہی کرے، پھر ہم اپنا حساب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ لیے بغیر جو اقتدار میں بیٹھے ہیں، اور یہ سابق پاٹا اور فاٹا میں ٹیکس لگانے کی باتیں کررہے ہیں، پہلے ان ٹیکسز کا حساب دیں جو وفاقی حکومت پہلے ہی وصول کررہی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میرے ہوتے ہوئے کسی کا باپ بھی ٹیکس عائد نہیں کر سکتا۔ ہم وفاق سے اپنے حقوق لے کر عوام پر خرچ کریں گے اور جو ہمیں ہمارا حق نہیں دے گا وہ اسلام آباد کیا پاکستان میں نہیں رہ سکتا۔