ایم کیو ایم رہنما عوام کو بھڑکاتے اور پھر معافی مانگتے ہیں، شرجیل میمن

203

کراچی:وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماپہلے لوگوں کو بھڑکاتے ہیں پھرمعافی مانگتے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کی بنیاد ڈالنے والے متحدہ کے رہنما کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں اور ایم کیو ایم کی سیاست اور مینڈیٹ بھی کسی سے چھپا ہوا نہیں، پہلے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بوری بند لاشیں، ہڑتالیں ہوتی تھیں، کراچی میں ایک دن میں 30،30 لاشیں گرتی تھیں، ٹارگٹ کلنگ کون کرتا تھا، بھتا کون لیتا تھا کسی سے چھپا ہوا نہیں۔ لندن سے کال پر لوگوں کی گاڑیاں جلا دیتے تھے۔

صوبائی وزیر نے مزیدکہا کہ صوبے میں امن و امان قائم کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے، ایم کیو ایم کی طرف سے سندھ اسمبلی اجلاس کو ڈسٹرب کیا گیا، شہرمیں جلد اسٹریٹ کرائم ختم کردیں گے، ہم نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کو کم کیا ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پروجیکٹ پیپلز پارٹی بنانے جا رہی ہے، سندھ حکومت21 لاکھ گھر بناکرلوگوں کو دے رہی ہے۔