اسلام آباد : نئی سیاسی جماعت ہم عوام پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انکی آنے والی نئی جماعت آج کے پاکستان کی ضرورت ہے، نئی پارٹی میں شمولیت کیلئے کئی بڑے سیاستدان رابطے میں ہیں۔
ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انکی نئی سیاسی جماعت کا منشورخودعوام ہیں، انکے پارٹی نعرے میں عوام بھی پاکستان بھی، یہ صرف اور صرف ہمارا نعرہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف شفاف باصلاحیت اوراچھی شہرت کے سیاستدان کو جماعت میں لے رہے ہیں، پچھلے دوانتخابات نے ملک کی سیاست کوایک نئی نہج تک میں کھڑا کردیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نئی جماعت میں شامل ہونے کیلئے ایک طویل فہرست ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا چوہدری نثار علی خان، مہتاب عباسی وغیرہ پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں ،بات چیت کئی اچھے سیاستدانوں سے جاری ہے۔ ملک کی 177 سیاسی جماعتوں نے ملک کو پچھلے 76 سال میں کچھ نہیں دیا ہے،صرف صاف ماضی والے اور اچھی صلاحیت والے افراد اورسیاستدانوں کو پارٹی میں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام پارٹی کا ٹارگٹ مرکزی سیاسی جماعتوں جیسے مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، تحریک انصاف ہونگی، نئی جماعت کا منشوراقتدار کی بندربانٹ اورکرسیوں کی جنگ سے بالاترہے۔ تمام بڑی جماعتیں ملک کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہیں اور انکی جماعت ہم عوام پارٹی کو کسی قوت کی آشیربا دحاصل نہیں، آئینی عہدوں کی بندربانٹ سے دورہوکرکام کرینگے۔