کراچی:نارتھ کراچی سیکٹر نائن ، 10 اور 7ڈی 2 میں واٹر پمپ کے متاثرین نے کراچی واٹر بورڈ ہیڈ آفس پر پانی کی فراہمی کیلئے گھیراؤ اور احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کی بڑی تعداد نے واٹر بورڈ کے خلاف نعرے لگائے، مظاہرین نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاجی پلے کارڈ زاُٹھا رکھے تھے۔
مظاہرے میں یوسی کونسلر افتخار عباسی، محمد ایوب، خرم جمال، عاشر، محمد جنید، جمیل الدین وانی، عبدالمجید اور علاقے کے معززین کے علاوہ بزرگ بچے مرد و خواتین نے شرکت کی۔
اس موقع پر جماعت اسلامی یوسی1 سرسیدکے چیئر مین شہزاد مظہر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا عرصہ دراز سے سیکٹر10، 7-D 1,2,3,اور 7-C میں پانی کی شدید قلت ہے،علاقے کے صارفین واٹر بورڈ کے بلز ادا کرتے ہیں اسکے باوجود پانی ٹینکر کے ذریعے خریدنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیکٹر10 اور7 ڈی میں پمپ سے 3000 گھروں کو آدھے صارفین کو ایک دفعہ سپلائی پر پانی ملتا ہے جبکہ دوسری سپلائی پر دیگر صارفین کو 40 دن بعد پانی ملتا ہے، اس کے علاوہ اکثر مقامات پر گندے پانی کی ملاوٹ کی بھی مسلسل شکایت ہے۔