وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات، پاکستان اور چین کے مابین متعدد معاہدوں پر دستخط

269

بیجنگ:وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران چینی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جب کہ دونوں ممالک ے مابین متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف  کی چینی ہم منصب لی چیانگ کے ساتھ گریٹ ہال آف پیپلز میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اہم ملاقات میں پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی و عالمی صورت حال پر بات چیت ہوئی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے خصوصاً سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ چینی وزیراعظم لی چیانگ نے شہباز شریف کو پاکستان کے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارک باد بھی دی۔

دریں اثنا پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے لیے تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان اور چین کے درمیان ٹی وی، فلم، مواصلات، انفرا اسٹرکچر، صنعت و توانائی سمیت دیگر شعبوں میں  تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

شہباز شریف اور چینی ہم منصب کے مابین ملاقات کے دوران چی وزیراعظم نے دونوں ملکوں کی دوستی کو بے مثال اور لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق آزمائش کی  ہر گھڑی میں مضبوط ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔