پاک چین دوستی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ تک بڑھ چکی ہے، چینی کمپنیوں کو جلد پاکستان مدعو کرینگے، وزیر خارجہ

207
energy project

بیجنگ:وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ تک بڑھ چکی ہے، چینی کمپنیوں کو جلد پاکستان مدعو کریں گے۔

پاک چین دوستی اور کاروباری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار ہے، چین اور پاکستان کی آہنی دوستی اور شراکت داری اسٹریٹیجک سطح تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شینزن میں پاک چین بزنس فورم کے انعقاد سے حکومت نے دوطرفہ تعاون کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ آنے والے مہینوں میں چینی کمپنیوں کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بزنس فورم کا مقصد ٹھوس، اہداف پر مبنی اور نتیجہ خیز اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے جس میں چینی سرمایہ کاری کو پاکستان میں 13 برآمدی شعبوں کی طرف راغب اور انہیں سہولت فراہم کرنا ہے۔ آنے والے مہینوں میں ہم اس ماڈل کو مزید آگے بڑھائیں گے اور چینی کمپنیوں کو پاکستان میں مدعو کریں گے۔

انہوں نے دوستی اور کاروباری تقریب کو ایک قابل قدر روایت اور دوستی اور باہمی احترام کا جوہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اس پلیٹ فارم نے دونوں ملکوں کے رہنمائوں، پالیسی سازوں، کاروباری ایگزیکٹوز اور کاروباری افراد کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس اجتماع کا مقصد ہماری مضبوط اور خلائی شراکت داری کی دوستی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔