چین مختصر وقت میں دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن گیا،دنیا کو چین کی ترقی سے سیکھنا چاہیے: وزیراعظم

290

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین مختصر وقت میں دنیا کی دوسری بڑی معیشت، فوجی طاقت بن گیا، دنیا کو چین کی ترقی سے سیکھنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے بزنس کونسل قائم کی گئی ہے، پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے، چینی شہر شینزن کی ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ،چین کی ترقی ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے، چین کا دورہ کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے اور چین ہمارا سب سے قریبی اور بہترین دوست ہے۔

انہوں نے کہ چند ماہ قبل دہشت گردی کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں 5 چینی باشندیں مارے گئے، اس واقعے پر انتہائی دکھ ہے، اس دن پورا پاکستان رنجیدہ تھا، اس دن ہم سوچ رہے کہ صرف گہرا دوست، اچھا پڑوسی نہیں بکلہ چین وہ ملک ہر مشکل وقت میں چاہیے وہ جنگیں ہوں، سیلاب ہوں یا عالمی فورمز اور عالمی معاملات پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،اس کے باوجود ہم چینی شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت نہیں کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سے ہم نے فول پروف سیکیورٹی سسٹم کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، میرا وعدہ ہے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا، ماضی تو گزر چکا ہے، ماضی میں رہ کر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا ،ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہیے۔