اسلام آباد:پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے چین کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے کمپنیوں کے درمیان موبائل فون، زراعت، دوا سازی، کھاد، سافٹ ویئر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فائبر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت کی چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مواقع پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں متعدد کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے جب کہ متعدد معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اس حوالے سے بتایا کہ حکومت بی ٹو بی سرگرمیوں میں چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ سرمایہ کاری کے لیے نجی شعبے کو فری ہینڈ دیں گے، اس حوالے سے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان اشتراک اور سرمایہ کاری کے معاہدے خوش آئند پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کنسٹرکشن، انفرا اسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی، فارمنگ، ڈیولپمنٹ، انجینئرنگ اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔