عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ

205

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالتی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے، میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالتی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے، میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرسکتا ہے، پابندی رپورٹنگ پر نہیں غیر زمہ دارانہ رپورٹنگ پر ہے، صرف سنسنی خیز ٹکر چلانے پر مسئلہ ہوتا ہے۔

عدالت کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت کا اس معاملے سے تعلق ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے جواب دیا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے، وفاقی حکومت کا تعلق نہیں ہے۔

بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے عدالت میں کہا کہ پیمرا نے جس قانون کا سہارا لیا ہے، اس میں زیر سماعت مقدمات رپورٹ کرنے پر پابندی نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت گیارہ جون تک ملتوی کردی۔