عوام نفرت کی سیاست نہیں چاہتے، حکومت عمران خان کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے، بلاول بھٹو

252
renew commitment

کراچی:چیئرمین پی  پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نفرت کی سیاست نہیں چاہتے، حکومت عمران خان کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو اب وفاق کی نفرت کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں۔ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں،  حکومتی محکموں کو بھی اس پر توجہ نہیں دینی چاہیے کہ عمران خان کیا کررہا ہے یا کیا کہہ رہا ہے۔ ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں عوامی مسائل کے حل کو دیکھنا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نفرت کی سیاست کو ہم مکافات عمل سمجھتے ہیں، جب تک حقیقی جمہوری رویے اختیار نہیں کیے جائیں گے، تب تک ملک اور عوام کا نقصان ہوگا۔ ہمیں اپنی کارکردگی اور ذمے داریوں کو نبھاتے ہوئے اپنے کاموں پر توجہ دینی چاہیے۔ عوام کو حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔ امید ہے وزیراعظم عوامی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے اپنے وعدے پورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کو سرکاری معاملات میں دخل اندازی سے روکنا ہوگا۔ ہمیں کارکردگی بہتر کرتے ہوئے ایسے افراد کو ٹاسک دینا چاہیے کو ہدف حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ پورے ملک میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے، اس کا اب خاتمہ ہو جانا چاہیے۔