اسلام آباد: ایف آئی اے نے وڈیو اپ لوڈنگ معاملے پر عمران خان سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹسز جاری کردیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمٰن کی وڈیو اپ لوڈ ہونے کے معاملے پر عمران خان کے علاوہ تین دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، پارٹی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان اور سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو آئندہ ہفتے منگل کے روز صبح گیارہ بجے انکوائری کے لیے طلبی کے نوٹسز ارسال کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نوٹسز میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی (عمران خان) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری کے سلسلے میں مذکورہ رہنماؤں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی ہے، جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔