ججز سے متعلق ریمارکس:وزیراعظم کیخلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

380

لاہور: ججز سے متعلق ریمارکس پر وزیراعظم کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف ججوں سے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر لاہور ہائیکورٹ نے  توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جسٹس محمد وحید خان وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کل سماعت  کریں گے۔ توہین عدالت کی درخواست اشبا کامران نامی خاتون  کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وفاق کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعظم فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ججوں کے حوالے سے نامناسب الفاظ کا استعمال کیا لہٰذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔