نیویارک:رواں برس ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے سے قبل نیو یارک کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں کرکٹ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ سے پہلے نیویارک میں سیکورٹی انتظامات بڑھائے گئے ہیں۔
گورنر دفتر نیویارک سے جاری بیان میں بھی اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ حالات پر گہری نظر ہے اور میگا ایونٹ میں شہریوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
واضح رہے کہ آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم 3 تا 12 جون 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔
گورنر نیویارک کیتھی ہوچول کے مطابق ریاستی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری جاری ہے، ایونٹ کے حوالے سے مکمل اسکریننگ کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے۔ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک محفوظ اور پر لطف تجربہ ہو۔