اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ آئرلینڈ، ناروے اور اسپین کے بعد دیگر ممالک بھی آزاد فلسطینی ریاست کے لیے کاوشیں کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے فلسطینی ماؤں کی گود اجاڑ دی اور ہزاروں بچوں کو والدین سے محروم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر جنگ مسلط کیے 8 ماہ سے زیادہ وہ گئے ہیں اور اسرائیل کی خون کی پیاس ابھی تک نہیں بجھی جب کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے بعد رفح پر بھی حملے کرنا شروع کردیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کے بعد دیگر ملکوں کو بھی آزاد فلسطینی ریاست کےلیے کوششیں کرنی چاہییں، اللہ کے حکم سے فلسطین کی آزاد ریاست جلد ہی قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو اسرائیل کی جانب سے پامال کیا جارہا ہے۔ میں نے ناروے اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کے بعد اُن کے وزرائے اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مبارک باد دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سے دوسرے ممالک کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی 3 یورپی ملکوں کے ساتھ ہم آواز ہوکر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کاوشیں کریں گے۔
وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کے سامنے پاکستانی عوام کی ترجمانی کی اور کہا کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کو حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔