وزیراعظم کی دوسرے مواصلاتی سیٹلائٹ کے بھیجنے پر قوم کو مبارکباد

211

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے دوسرے مواصلاتی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستانی سیٹلائٹ کا چین کے سیٹلائٹ سینٹر سے خلا میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے، ایسے اقدامات سے پاکستان اور پاکستانی عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت قوم کو اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے، پاکستانی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے سے پوری پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔