کراچی:پاکستان اور چین کے مابین مال بردار نیا فضائی روٹ شروع ہوگیا۔ اس سلسلے میں پہلا طیارہ کراچی پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین نئے فضائی مال بردار روٹ کا آغاز ہوتے ہی برقی اشیا اور کپڑوں سے لدا پہلا منگل کے روز کراچی ائرپورٹ پر پہنچا۔
پہلے مال بردار فضائی روٹ کے تحت پہنچنے والی پہلی پرواز چینی جنوب مغربی صوبے گوئی ژو سے کراچی کے لیے آپریٹ کی گئی، جو 6 گھنٹے کی پرواز کے بعد کئی ٹن وزنی سامان لے کر کراچی ائرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔
اسی طرح طیارے میں واپسی کی پرواز میں آبی حیات(مچھلی،کیکڑے)کی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نیا روٹ پاکستان کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) میں شامل ملک سے ملانے والا پہلا فضائی روٹ ہے۔
کراچی اور گوئی ژو کے درمیان نئے فضائی روٹ سےگوئی یانگ کو چین کے جنوب مغرب میں مال کی تقسیم کا مرکز بنانے میں مدد ملے گی، روٹ سے پاکستان کی معیاری تازہ مصنوعات گوئی ژو پہنچنے کا وقت بھی کم ہوجائے گا۔