اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کی لوڈمینجمنٹ اور بجلی چوری روکنےکے امورپر اجلاس ہوا جس میں وزارت توانائی نے بجلی چوری اور لوڈشیڈنگ پر مفصل بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بجلی چوری کے خلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے حکم دیا کہ خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی کم کیا جائے، بجلی کی چوری روکنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور لوگوں کو ریلیف دیں۔
وزیر اعظم شریف نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیش رفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں،قانون نافذ کرنے والے ادارےانسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں، بجلی چوری کےخلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجلی چوری کم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، وزیر اعظم نے علی امین گنڈاپور سے ہونے والی ملاقات میں پیشرفت کو سراہا۔