ججز کے خلاف شکایات پر جلد فیصلوں کے لیے چیف جسٹس کے نام خط

162
authority

اسلام آباد:ججز کے خلاف شکایات کے حوالے سے جلد فیصلوں کے لیے چیف جسٹس کے نام خط ارسال کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میاں داؤد ایڈووکیٹ نے چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر التوا ججز کے خلاف شکایات پر جلد فیصلوں کی استدعا کی گئی ہے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے 21 جنوری کو بتایا کہ کونسل میں ججز کے خلاف 100 شکایات زیر التوا ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین و قانون کے مطابق بہادری کے ساتھ فیصلے کیے ہیں۔ آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی کرنے کی وجہ سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

ماضی میں چیف جسٹس صاحبان کرپٹ ججز کو تحفظ فراہم کرتے رہے ہیں، عوام سمجھتے ہیں کہ ججز کا احتساب صرف چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  کے دور میں ہی ممکن ہو سکتا ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کیخلاف شکایات کو جلد از جلد نمٹایا جائے، سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کیخلاف شکایات پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔