فیصل آباد: وزیراعظم کے سیاسی وعوامی مشیر،وفاقی وزیربین الصوبائی روابط،صدرپاکستان مسلم لیگ ن پنجاب راناثنا اللہ خاں نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک وقوم کی ترقی ،خوشحالی اورتحفظ کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں الحمدللہ آج پاکستان کادفاع ہرلحاظ سے مضبوط ہے،
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیاکی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہی۔
ان کہنا تھاکہ نوازشریف کی جرات و ہمت کو سراہنے کا دن ہے،ملک کا دفا ع نا قا بل تسخیر بنا کرنواز شریف نے ایٹمی دھماکہ کر کے بھارتی غبارے سے ہوا نکال دی تھی، میاں نواز شریف نے 5ایٹمی دھماکے کر کے اپنے ملک پاکستان کو دنیا میں عالمی طاقت کے نام سے منو ایا۔
رانا ثنا کا کہنا تھاکہ میاں نواز شریف نے پاکستان کے جھنڈے کو دنیا میں بلند کرنے کیلئے عالمی دنیا کے دباو کو پس پشت ڈال کر پاک وطن کو ناقابل تسخیر قوت بنانے کیلئے بھارت کے مقابلہ میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو اسلامی دنیاکی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا کیونکہ مضبوط اور ناقابل شکست دفاع امن کی ضمانت ہوتاہے
ان کا کہنا تھا کہ فاتح عالم ہونے کا اعزاز ہمیشہ امن کے حصے میں آیا ہے یہی ہمارا ویژن ہے اور یہی ہمارا مشن ہے اس کی تکمیل کیلئے ہمیشہ مسلم لیگ نے ملک اور قوم کی خدمت کو یقینی بنایا ہے،28 مئی 1998 کی تاریخ، پاکستان کے جغرافیائی اور عسکری دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔