کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف کئی علاقوں میں مظاہرے

277

کراچی:شہر قائد میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔

بجلی کی عدم فراہمی سے بے حال شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور گزشتہ روز مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام احتجاج کرتے نکل آئے اور سڑکوں پر مظاہرہ کیا۔ صدر کے علاقے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف، گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری اور دیگر علاقوں میں علاقہ مکینوں اور دکان داروں کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے راستے بلاک کرکے ٹریفک معطل کردیا گیا۔

احتجاج کے دوران شہریوں نے ٹائر اور دیگر سامان جلا کر راستے بلاک کردیے، جس کی وجہ سے گزرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ٹریفک اہل کار موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے بات کرنے کے بعد انہیں پرامن منتشر کرنے کی کوشش کرکے ٹریفک بحال کروایا گیا۔

دوسری جانب گلشن اقبال کے علاقے ڈسکو بیکری کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے اور کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ نیپرا کا شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر آنکھیں بند کرلینا انتہائی حیران کن ہے، ایسا لگتا ہے نپیرا حکام کے الیکٹرک کے سامنے بے بس ہیں۔