اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتوں نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے خلاف سفارتی پاسپورٹ کے غیر قانونی استعمال کے کیس میں بعد از ضمانت درخواست کی سماعت کی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔
سردار تنویر الیاس کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان دفعات کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا تین سال ہے، اس لیے ملزمان کو ضمانت ملنی چاہیے، پاسپورٹ بھی واپس کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی ضمانت کی مخالفت کی تاہم سیشن عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر ضمانت منظور کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم کی رہائی کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیرا عظم آزاد کشمیر پر ایک کمپنی کے دفتر میں تھوڑ پھوڑ کا الزام تھا، جس کا مقدمہ مارگلہ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔